ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست کرناٹک کے 7 اضلاع میں پٹرول کی قیمت 100روپئے کے پار

ریاست کرناٹک کے 7 اضلاع میں پٹرول کی قیمت 100روپئے کے پار

Mon, 14 Jun 2021 11:36:10    S.O. News Service

بنگلورو، 14؍جون(ایس او  نیوز)تین بڑی سرکاری تیل کمپنیوں کی طرف سے پٹرول اور ڈیزیل کی قیمتوں میں اضافہ کا جو سلسلہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران جاری رکھا گیا ہے اس سے صرف 30دن کے عرصہ میں پٹرول کی قیمت بنگلورو سمیت ریاست کے مختلف شہروں میں فی لیٹر 18روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔11جون کو پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 11پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 28پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ ملک کے چار میٹرو شہرو ں میں سے ممبئی میں پٹرول کی قیمت سب سے زیادہ یعنی 102.30روپے ہے۔

انڈین آئیل کارپوریشن کے مطابق ریاست کی راجدھانی بنگلورو میں پٹرول کی قیمت اب بھی 99روپے کے آس پاس ہے لیکن ریاست کے بعض اضلاع میں پٹرول کی قیمت نے سنچری پار کرلی ہے۔ کرناٹک میں مئی 2020سے لے کر اب تک سرکاری تیل کمپنیوں نے پٹرول کی قیمت میں 25روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے۔ تیل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت 31ڈالرس سے بڑھ کر 71ڈالر س تک پہنچ چکی ہے، اس لئے ان کی طرف سے یہ اضافہ ناگزیر ہے۔

قیمت میں بے تحاشہ اضافہ کے فیصلہ کا دفاع کرتے ہوئے ان کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں اگر قیمت میں زیادہ اضافہ نہیں کیا گیا تو اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی بازار میں امریکی ڈالر کے مقابلہ ہندوستانی روپئے کے قدر میں غیر معمولی گراوٹ نہیں آئی تھی۔ اب ایک ڈالر کی قیمت 72.23روپے کے آس پاس ہے۔

کرناٹک کے چکمگلورو، بلاری، کورگ،داونگیرے، یادگیر، ٹمکور،اضلاع میں پٹرول کی قیمت نے 100روپے کے نشانے کو پار کردیا ہے۔ باقی اضلاع میں ابھی 99روپے کے آس پاس ہے۔ چترا درگہ ضلع میں سب سے زیادہ101.19روپے ہے جبکہ داونگیرے میں 101.01روپے ہے۔شیموگہ میں قیمت 100.77روپے، کورگ ضلع میں قیمت 100.42روپے ہے۔ کوپل میں 100.23روپے ہے چکمگلورو میں قیمت 100.68روپے ہے۔بلاری میں 100.29روپے ہے۔ٹمکور 100.31روپے اوریادگیر میں 100.10روپے میں فی لیٹر پٹرول فروخت ہو رہا ہے۔


Share: